نئی دہلی، 17؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) انڈین ریلوے میں سفر کے درمیان سونے کے اوقات میں تخفیف کردی گئی ہے۔ریل میں سفر کرنے والے مسافروں کو سونے کے بارے میں اکثر جھگڑے دیکھنے کومل رہے تھے، اب اس طرح کے جھگڑوں کو کم کرنے کے لیے، ریلوے نے سونے کے اوقات طئے کردے ہیں۔
ریلوے بورڈ کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق ریزرو کوچ کے مسافر اب رات10 بجے سے لے کرصبح چھ بجے تک سو سکتے ہیں، تاکہ دوسرے لوگوں کوسیٹ پرباقی گھنٹوں میں بیٹھنے کا موقع ملے۔ اس سے پہلے سونے کاسرکاری وقت 9 بجے سے 6 بجے تھا۔31 اگست کو جاری سرکلرمیں کہاگیاہیکہ ریزرو کوچز میں سونے کی سہولت رات میں 10 بجے سے لے کر صبح چھ بجے تک ہے اور باقی وقت میں دوسرے مخصوص مسافر اس سیٹ پر بیٹھ سکتے ہیں۔سرکلر میں اگرچہ بعض مسافروں کو اس سے مستثنیٰ بھی رکھا گیا ہے۔